انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے بھارت کے خلاف ریکارڈز کے جال بچھا دیے
مانچسٹر: انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے اولڈ ٹریفورڈ میں بھارت کے خلاف جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔
روٹ نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے عظیم رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اب جو روٹ کے مجموعی ٹیسٹ رنز کی تعداد 13,409 ہو گئی ہے، جبکہ فہرست میں سرفہرست بھارتی بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر 15,921 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔
34 سالہ جو روٹ نے 39 ویں اوور میں کریز سنبھالا جب انگلینڈ کا اسکور 197 رنز پر 2 وکٹیں گئیں تھیں۔ انہوں نے اپنے ٹھوس کھیل سے اننگز کو مستحکم کیا اور دوسرے دن کے اختتام تک اپنی پوزیشن مضبوط رکھی۔ تیسرے دن بھی انہوں نے اپنی زبردست بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور انگلینڈ کو ایک مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔
روٹ نے اپنی اننگز کے دوران کئی عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے راہول ڈریوڈ (13,288)، جیک کیلس (13,289) اور رکی پونٹنگ (13,378) کو بھی عبور کیا۔
یہ ان کی اس سیریز میں دوسری سنچری اور مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کی 38ویں سنچری تھی، جس کی بنیاد پر وہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے برابر پہنچ گئے ہیں۔ سنچریوں کے اعتبار سے اب صرف رکی پونٹنگ (41)، جیک کیلس (45) اور سچن ٹنڈولکر (51) ہی ان سے آگے ہیں۔
ایک اور خاص بات یہ ہے کہ روٹ نے بھارت کے خلاف اپنے ملک انگلینڈ کے میدانوں پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ انہوں نے اپنی ہوم گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف نویں سنچری مکمل کی، جب کہ ڈان بریڈمین نے انگلینڈ کے خلاف اپنے گھر میں 8 سنچریاں بنائی تھیں۔
اس کے علاوہ جو روٹ بھارت کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں، جن کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔




