پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، نوجوانوں کیلئے پاکستان کے پہلے "اسکلز امپیکٹ بانڈ” کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو باہنر بنا کر روزگار فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے پہلے اسکلز امپیکٹ بانڈ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے روڈ میپ پر منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید مالیاتی ماڈل ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کیلئے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرے گی تاکہ وہ نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی کامیابی سے روزگار حاصل کر سکیں۔

وزیراعظم نے کہا:

"ہم نوجوانوں کو صرف ہنر اور تعلیم نہیں دے رہے بلکہ انہیں دنیا بھر میں روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ بیرون ملک روزگار کے لیے ہنرمند افراد کی تیاری کو ترجیح دی جائے گی۔”

شہباز شریف نے واضح کیا کہ وہ ہر دو ماہ بعد روڈ میپ پر عملدرآمد کا جائزہ خود لیں گے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

اسکلز امپیکٹ بانڈ ایک ایسا فنانسنگ ماڈل ہے جس کے تحت نجی شعبہ تربیت اور ہنر مندی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرتا ہے، اور اگر طے شدہ اہداف حاصل ہو جائیں تو حکومت یا ڈونرز کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں بے روزگاری کم کرنے اور انسانی وسائل کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button