پاکستانتازہ ترین

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار: "خطے میں بھارت کی بالادستی کی کوششیں ناکام، امن کے لیے مشترکہ کردار ناگزیر”

واشنگٹن – نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کو تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بھارت کی خطے میں بالادستی قائم کرنے کی کوششوں کو 7 سے 10 مئی کے دوران "دفن شدہ حقیقت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مکالمے اور تعاون کی حمایت کی ہے۔

اسحاق ڈار نے امریکی تھنک ٹینک "اٹلانٹک کونسل” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا ترقی تنازعات کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے پرامن حل کی ضرورت پر غیرمعمولی اتفاق ظاہر کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیا کے امن میں بنیادی رکاوٹ قرار دیا اور واضح کیا کہ بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات، بالخصوص اگست 2019 کے بعد، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف عالمی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ اس کے برعکس، پاکستان نے امن کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں اور کشیدگی کو کم کرنے میں امریکا سمیت دوست ممالک کی ثالثی کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی کشیدگی کا آغاز نہیں کیا، بلکہ ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔ انہوں نے امریکا کے صدر اور سیکریٹری اسٹیٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ بندی پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے ایک حالیہ سفارتی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 17 جولائی کو کابل میں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان "ٹرانس افغان ریلوے” معاہدے پر دستخط ہوئے، جو خطے میں رابطہ کاری اور تعاون کی عملی مثال ہے۔

آخر میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کا انحصار بھارت سمیت تمام فریقین کے رویوں پر ہے۔ اگر ہم انصاف، بین الاقوامی اقدار اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں تو جنوبی ایشیا کو ایک پرامن اور خوشحال مستقبل دیا جا سکتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button