پاکستانتازہ ترین

ناران میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 500 سے زائد سیاحوں کا کامیاب ریسکیو، روڈ بحال

ناران: خیبرپختونخوا کے خوبصورت سیاحتی مقام ناران میں جھیل سیف الملوک روڈ کلاؤڈ برسٹ کے باعث بند ہوگیا، تاہم ضلعی انتظامیہ، کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹورازم پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی سے 500 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

کلاؤڈ برسٹ کے بعد جھیل سیف الملوک روڈ پر ملبہ اور پانی جمع ہونے سے درجنوں سیاح پھنس گئے تھے، جنہیں فوری طور پر ریسکیو کرنے کے لیے بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیاحوں کی 117 سے زائد جیپوں کے لیے راستہ کلیئر کر دیا گیا۔

سیکریٹری سیاحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے اس موقع پر بتایا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت سیاحوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیاح سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی بھاری مشینری نے فوری طور پر راستے سے ملبہ ہٹا کر جھیل سیف الملوک جانے والا روڈ بحال کر دیا ہے۔

انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ سیاحوں نے بھی ریسکیو اہلکاروں اور مقامی انتظامیہ کی مستعدی پر اظہار تشکر کیا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button