
اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ہر ممکن حکومتی قانونی اور سفارتی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ یہ یقین دہانی انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران کرائی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ "حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں ہرگز غافل نہیں، بلکہ اس پر سنجیدگی سے کام جاری ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو آگاہ کیا کہ وہ اس سے قبل امریکا کے اُس وقت کے صدر جو بائیڈن کو بھی باقاعدہ خط لکھ چکے ہیں تاکہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے امکانات کو بڑھایا جا سکے۔
مزید پیشرفت کے لیے وزیراعظم نے وزیر قانون و انصاف کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا، جو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور قانونی معاونت کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے چند روز قبل وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا تھا۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی یقین دہانی کو "حوصلہ افزا پیش رفت” قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت اب اس معاملے میں ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کرے گی۔