بیجنگ — پاک فوج کے سپہ سالار، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے عوامی جمہوریہ چین کا اہم سرکاری دورہ کیا، جہاں انہیں چین کی عسکری اور سیاسی قیادت نے گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی نائب صدر ہان ژینگ، وزیر خارجہ وانگ ژی، اور دیگر اعلیٰ حکام سے علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں عالمی اور علاقائی سیاسی صورتحال، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے، اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عسکری سطح پر جنرل سید عاصم منیر نے چینی جنرل ژانگ یوشیا (وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن)، جنرل چن ہوئی (سیاسی کمشنر، پی ایل اے آرمی) اور لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن (چیف آف اسٹاف، پی ایل اے آرمی) سے ملاقاتیں کیں، جہاں دونوں طرفہ دفاعی تعاون، انسداد دہشتگردی کی مشترکہ کوششوں، دوطرفہ فوجی مشقوں، اور دفاعی ٹیکنالوجی میں جدت پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور ہائبرڈ خطرات اور سرحد پار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ چینی قیادت نے پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دوطرفہ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا۔ ان ملاقاتوں کو پاک چین تعلقات میں ایک مضبوط سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جو خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔





