اسلام آباد — وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے پہلے آن لائن خواتین پولیس اسٹیشن اور موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کیا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی نمائندگی کرتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ موبائل ایپ اور آن لائن پولیس اسٹیشن جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے سیف سٹی میں تعینات عملے کو ہدایت کی کہ عوام کی خدمت اولین ترجیح ہو، نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور اسے مصنوعی ذہانت (AI) کے ساتھ مربوط کیا جائے۔
آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر 1815 مختص کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر خواتین عملے پر مشتمل ہے، جس میں کال اٹینڈنٹس، رسپانڈرز اور تفتیشی افسران شامل ہیں۔ اس سروس کے ذریعے خواتین کو ویڈیو کالنگ اور آن لائن چیٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ وہ اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں۔
اس آن لائن نظام کی بدولت خواتین کو ایف آئی آر درج کروانے کے لیے پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ایف آئی آر ان کے گھر تک پہنچائی جائے گی، جو خواتین کے لیے سہولت اور تحفظ کا باعث بنے گا۔





