
فلوریڈا: دنیا بھر میں مشہور پروفیشنل ریسلر اور پاپ کلچر کی علامت، ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ رپورٹس کے مطابق، اُنہیں گزشتہ روز امریکی ریاست فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ہلک ہوگن کا شمار ریسلنگ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور نمایاں سپر اسٹارز میں ہوتا ہے، جنہوں نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں WWE کو دنیا بھر میں شہرت دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
ہلک ہوگن کے انتقال پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا:
"آج ہم نے ایک عظیم دوست کو کھو دیا۔ ہلک ہوگن نہ صرف ایک ناقابلِ فراموش شخصیت تھے بلکہ وہ صحیح معنوں میں ‘میگا’ کے حامی بھی تھے۔”
ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلک ہوگن کی سیاسی وابستگی اور شراکت داری کو بھی سراہا اور لکھا کہ وہ ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ایک شاندار تقریر کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا:
"ہلک نے دنیا بھر میں کروڑوں مداحوں کو محظوظ کیا۔ ان کا ثقافتی اثر نہایت وسیع اور دیرپا ہے۔”
سابق صدر نے ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:
"ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”
ہلک ہوگن کا اصل نام ٹری ہوگان تھا، اور وہ ایک طویل عرصے تک ریسلنگ کے ساتھ ساتھ فلم اور ٹی وی اسکرین پر بھی سرگرم رہے۔ ان کا کردار نہ صرف رِنگ میں بلکہ امریکی ثقافت میں بھی نمایاں رہا۔