
لاہور: پنجاب بھر میں مون سون کا چوتھا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، محکمہ موسمیات نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں مون سون سیزن کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں 143 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 200 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
گزشتہ رات ملتان میں بارش کے باعث بعض علاقوں میں گھروں کی چھتیں گرنے کے افسوسناک واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں 1129 پر فوری اطلاع دیں۔