پاکستانتازہ ترین

قاسم اور سلیمان میری اولادیں ہیں، باپ کے لیے آواز اٹھانا ان کا حق ہے،عمران خان

اڈیالہ جیل (راولپنڈی): پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ "وہ میری اولاد ہیں، اور باپ کی رہائی کے لیے آواز اٹھانا ان کا قانونی اور اخلاقی حق ہے۔”

یہ بات عمران خان نے اپنے وکلاء کے ذریعے علیمہ خان کو دیے گئے پیغام میں کہی، جسے انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیان کیا۔ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کو غیر انسانی حالات میں رکھا جا رہا ہے اور انہیں روزمرہ کی سہولیات سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔

علیمہ خان کے مطابق بانی چیئرمین نے بتایا کہ انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک سیل میں بند رکھا جاتا ہے، اور ان کا اخبار، کتابیں اور ٹی وی تک بند کردیا گیا ہے، البتہ آج انہیں ایک کتاب فراہم کی گئی۔ عمران خان نے اپنے وکیل کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ عوام کو آگاہ کریں کہ ان کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت نہ قانون ہے، نہ آئین، بلکہ ایک شخص کے اشاروں پر سب کچھ ہو رہا ہے۔ عمران خان نے موجودہ صورت حال کو "ڈاکو ڈفر الائنس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی آزادی ختم کی جا چکی ہے اور انصاف کا نظام عملاً مفلوج ہو چکا ہے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس کی اطلاع انہیں رات 12 بجے دی گئی، اور صرف دو وکلاء کو اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے عدالتی کارروائی میں شفافیت نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ فیملی، وکلاء اور میڈیا کو جیل کے اندر جانے سے روک دیا گیا۔

آخر میں علیمہ خان نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کے ساتھ روا رکھے گئے غیر انسانی سلوک کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور آئین و قانون کے مطابق ان کے بنیادی حقوق بحال کیے جائیں۔ عمران خان نے علی امین گنڈا پور، بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجہ کو عوامی تحریک کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button