پاکستانتازہ ترین

بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، فیصلہ اب دہلی کو کرنا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے دی ہے، اب فیصلہ بھارت کو کرنا ہوگا کہ وہ کس پالیسی کا انتخاب کرتا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے علاقائی و عالمی امور، وزیر خارجہ کے دورۂ امریکا اور مسئلہ فلسطین و کشمیر پر پاکستان کے مؤقف پر روشنی ڈالی۔

اسحاق ڈار کا اعلیٰ سطحی دورۂ امریکا
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت ایک اہم سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور صدر جنرل اسمبلی سے ملاقاتیں کی ہیں۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر کھلی بحث میں شرکت کی، اور غزہ و فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور ترجمانی کی۔ ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ سے اسحاق ڈار کی ملاقات آج متوقع ہے۔

جموں و کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کی بھرپور سفارتکاری
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی فورمز پر کشمیری عوام اور فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔ پاکستان کی صدارت میں سلامتی کونسل نے قرارداد 2788 متفقہ طور پر منظور کی، جس میں تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر پر زور دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے فلسطین میں جنگ بندی، امدادی رسائی اور دو ریاستی حل پر زور دیا، اور اسپتالوں و اسکولوں پر حملوں کی مذمت کی۔

امریکا کے کردار کو سراہا، سفارتکاری کو دو طرفہ مفاد کا ذریعہ قرار دیا
ترجمان شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پُرامن سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور سفارتکاری کو کسی پر احسان نہیں بلکہ دوطرفہ مفاد کا ذریعہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button