
سلمان خان ایک بار پھر بگ باس 19 کی میزبانی کے لیے تیار، ابتدائی مرحلے میں 150 کروڑ تک کمائی کا امکان
ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر اپنے مداحوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ وہ بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شو "بگ باس” کے نئے سیزن 19 کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ ان کی میزبانی کو شو کی مقبولیت کا ایک بڑا سبب قرار دیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بگ باس 19 کا پریمیئر 30 اگست کو ہوگا، جو 90 منٹ کی خصوصی نشریات کے ساتھ بھارتی ٹی وی پر پیش کیا جائے گا۔ شو کے آغاز سے قبل ہی سلمان خان اور ان کی میزبانی کو لے کر سوشل میڈیا اور انٹرٹینمنٹ حلقوں میں خوب چرچے ہیں۔
سلمان خان کی ممکنہ آمدنی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان بگ باس 19 کے ابتدائی تین ماہ کی میزبانی کے بدلے ہفتہ وار 8 کروڑ بھارتی روپے کمائیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ صرف ابتدائی مرحلے میں 120 سے 150 کروڑ روپے تک معاوضہ حاصل کریں گے۔ تاہم، اس حوالے سے سلمان خان یا شو کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
میزبانی کی مدت اور متبادل میزبان
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شو کا دورانیہ پانچ ماہ طویل ہوگا۔ سلمان خان ابتدائی تین ماہ تک میزبانی کریں گے، جبکہ بعد کے مراحل میں فرح خان، کرن جوہر اور انیل کپور جیسے مشہور ناموں کو میزبان کے طور پر لانے کا امکان ہے۔
بگ باس 19: تھیم اور تیاریوں کی جھلک
بگ باس 19 کا پرومو 12 جولائی کو ریکارڈ کیا گیا، جس کی تھیم اس بار سیاسی طرز پر مبنی ہوگی۔ شو کو بگ باس او ٹی ٹی فارمیٹ کی توسیع قرار دیا جا رہا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ رواں سال کم بجٹ پر شو کی پروڈکشن کی جا رہی ہے۔
گزشتہ سیزنز میں سلمان کی آمدنی
سلمان خان کی بگ باس سے وابستگی کئی سالوں پر محیط ہے، اور ہر سال ان کا معاوضہ خبروں کی زینت بنتا ہے۔ بگ باس او ٹی ٹی 2 کے لیے وہ 96 کروڑ روپے جبکہ سیزن 18 اور 17 کے لیے بالترتیب 250 کروڑ اور 200 کروڑ روپے وصول کر چکے ہیں۔
شرکاء کے ناموں پر قیاس آرائیاں جاری
ابھی تک بگ باس 19 میں شامل ہونے والے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 20 ممکنہ مشہور شخصیات کے نام گردش میں ہیں، جن میں سے چند جلد فائنل کیے جائیں گے۔