
نیویارک: امریکا کی معروف تعلیمی درسگاہ کولمبیا یونیورسٹی نے وفاقی فنڈنگ سے متعلق قانونی جنگ ختم کرنے کے لیے امریکی حکومت سے معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت کئی وفاقی ایجنسیوں کی تحقیقات کا پرامن حل ممکن ہو گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کولمبیا یونیورسٹی نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ ذمہ داری اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کیا گیا ہے، تاکہ ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کو بغیر رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔ معاہدے کے تحت یونیورسٹی آئندہ تین سالوں کے دوران 20 کروڑ ڈالر (200 ملین) وفاقی حکومت کو ادا کرے گی۔
اگرچہ امریکی محکمۂ تعلیم کی جانب سے اس پیش رفت پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ تعلیمی اداروں اور حکومت کے درمیان تعاون کا مثبت اشارہ ہے۔
یاد رہے کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں کولمبیا یونیورسٹی نے فلسطین کے حق میں مظاہروں کے بعد طلبہ کے خلاف تادیبی کارروائیاں کی ہیں۔ اس سے قبل، ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں یونیورسٹی پر یہودی طلبہ کو درپیش ہراسانی سے مؤثر طور پر نمٹنے میں ناکامی کا الزام لگایا گیا تھا، جس کے باعث اس کی 400 ملین ڈالر کی وفاقی امداد معطل کر دی گئی تھی۔
معاہدے کو تعلیمی حلقے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو نہ صرف ماضی کے تنازعات کو ختم کرے گا بلکہ یونیورسٹی کو اپنی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں پر دوبارہ مکمل توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔