پاکستانتازہ ترین

جے یو آئی، اے این پی، پی پی اور ن لیگ کا کے پی حکومت کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا ہے، جب کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ
"یہ آل پارٹیز کانفرنس درحقیقت پی ٹی آئی نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلائی گئی ہے۔ حکومت نے پہلے ہی تمام فیصلے خود کر لیے ہیں، اب اے پی سی محض رسمی کارروائی ہے، جس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں۔”

جے یو آئی کے ترجمان نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ
"ہم تحریک انصاف کی حکومت کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔”

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے بھی کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا:
"صوبائی حکومت غیر سنجیدہ ہے، اور اے پی سی صرف ایک دکھاوا ہے۔ ماضی میں بھی کئی اجلاس بے نتیجہ رہے، عوامی مسائل پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔”

مسلم لیگ (ن) نے بھی پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور اے این پی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہوئے اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے یہ کانفرنس صوبے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے بلائی تھی، جو اب اہم اپوزیشن جماعتوں کی عدم شرکت کے باعث سیاسی طور پر غیر مؤثر نظر آ رہی ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button