
اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی قیادت شاہ محمود قریشی کو سنبھالنے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اب بھی 8 سے 9 مقدمات زیر التواء ہیں، اس لیے ان کے باہر آنے کا کوئی فوری امکان نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ابھی صورتحال دیکھنے کی ضرورت ہے اور فیصلہ ساز اس معاملے میں کیا حکمت عملی اپناتے ہیں، یہ وقت ہی بتائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ملکی نظام انصاف پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ "پورا نظام کنٹرول میں ہے اور عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ نظام انصاف اب نظام انصاف نہیں رہا”۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی اور یہ چیلنج قوم کے لیے ہے کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر 6 ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے جج ارشد جاوید کی سربراہی میں کوٹ لکھپت جیل میں ملزمان کی موجودگی میں یہ فیصلہ سنایا۔
اسی مقدمے میں دیگر ملزمان عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔