
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھرپور تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں 100 انڈیکس میں 662 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد انڈیکس 1,40,082 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو مارکیٹ کے لیے ایک اہم نفسیاتی حد تصور کی جاتی ہے۔
گزشتہ روز انڈیکس 1,39,420 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں نے اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی سطح پر خریداری کی، جس نے مارکیٹ میں نئی جان ڈال دی۔
سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ
اس مسلسل تیزی کے رجحان سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری دیکھی گئی، خاص طور پر بینکنگ، توانائی اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں مثبت رحجان رہا۔
ماہرین کے مطابق، حالیہ حکومتی اقتصادی پالیسیوں، آئی ایم ایف پروگرام کی بہتری، روپے کی استحکام اور بیرونی سرمایہ کاری کی توقعات نے مارکیٹ پر مثبت اثر ڈالا ہے۔
معاشی استحکام کی علامت
اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی ملک میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔ اگر یہ رجحان برقرار رہا، تو مستقبل قریب میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہے۔