
لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت سے سنائی گئی 10 سال قید کی سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں ملک احمد بھچر نے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی کے واقعے کے حوالے سے ان کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا، اور یہ فیصلہ آئینی و قانونی تقاضوں کو بالائے طاق رکھ کر سنایا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کو اپنے زیر اثر کر لیا ہے، اور ایسے فیصلے اسی دباؤ کا نتیجہ ہیں۔ "ہمیں ان فیصلوں کی پہلے ہی توقع تھی، کیونکہ انصاف کا نظام سیاسی مداخلت کا شکار ہو چکا ہے،” انہوں نے کہا۔
اپوزیشن لیڈر نے واضح کیا کہ جیسے ہی سزا کا تحریری فیصلہ موصول ہوگا، وہ فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے تاکہ انصاف حاصل کیا جا سکے۔
ملک احمد بھچر کی جانب سے عدالت عظمیٰ سے رجوع کا فیصلہ ان کی قانونی جدوجہد کے تسلسل کا حصہ ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ہر فورم پر اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔