پاکستانتازہ ترین

افغان وزیرخارجہ ملا امیر خان متقی اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے امکانات روشن ہونے لگے ہیں، افغان وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا اہم دورہ کریں گے۔ یہ نومبر 2021 کے بعد کسی افغان وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا، جو دو طرفہ روابط کے فروغ کی سمت ایک مثبت پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغان وزیر خارجہ کے مجوزہ دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں سیکیورٹی تعاون، باہمی تجارت، زمینی و معاشی روابط اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپریل اور جولائی میں کابل کے دورے کر چکے ہیں، جس کے بعد یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے سفارتی رابطوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، ایک اعلیٰ سطح کا افغان تجارتی وفد بھی ان دنوں پاکستان میں موجود ہے، جو افغان ڈپٹی وزیر تجارت کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا ہے۔ وفد اور پاکستانی حکام کے درمیان پاک افغان ترجیحی تجارتی معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں، جس سے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق افغان وزیر خارجہ کا یہ مجوزہ دورہ نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے عمل میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button