پاکستانتازہ ترین

انصاف کی جگہ انتقام لیا جا رہا ہے ،ملک میں جھوٹی گواہیوں پر سزائیں دی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی کا مؤقف

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے ملک میں انصاف کی بحالی اور قانون کی بالادستی کے لیے تحریک چلانے کی ہدایت دی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی ملاقات کے دوران واضح کیا کہ پاکستان میں جھوٹی گواہیوں اور منصفانہ ٹرائل کے بغیر سزائیں دی جا رہی ہیں، جو کہ عدالتی اصولوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی کا پیغام ہے کہ ایلیٹ کلاس وسائل چوری کر رہی ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے یکجا ہو کر تحریک شروع کی جائے۔

علیمہ خان نے کہا کہ آج بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ہوئی، تاہم دیگر قیدیوں کی طرح نورین نیازی اور عظمٰی خان سمیت پارٹی کی دیگر خواتین کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جو کہ افسوسناک اور عدالتی احکامات کے برخلاف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو مکمل قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی قانونی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہو کر اپنا مقدمہ خود لڑنا چاہتے ہیں، اور ملک میں سچائی اور انصاف کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ میں اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے بھرپور مقدمہ لڑیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے اندر اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے اور اس سے پارٹی کی مجموعی پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

علیمہ خان نے آخر میں کہا کہ بانی کے بچے جلد پاکستان آئیں گے کیونکہ ان کے پاس قانونی حیثیت (نائیکوپ) موجود ہے، اور پارٹی سینیٹ انتخابات سے متعلق جلد اپنا مؤقف پیش کرے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button