
قلات (مانیٹرنگ ڈیسک) – بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا، جب کہ ان کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں دشمن کے اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد مارے گئے، جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید چار دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ اس کارروائی میں دہشتگردوں کا ایک اہم اڈہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آپریشن کے دوران بھارتی ساختہ ہتھیار، گولہ بارود، بارودی مواد اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی واضح سازش کا ثبوت ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس موقع پر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ ملک کا ہر انچ دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں سے محفوظ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:
"ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔”
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پوری قوم فتنہ الہندوستان کے خلاف فورسز کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دشمن کو دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی فتنے یا سازش کے لیے محفوظ نہیں۔