
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کے لیے کوئی دن آسان نہیں رہا۔ بانی پی ٹی آئی ملک میں موجود ہیں اور مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ ملک سے بھاگے نہیں۔
اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نظریے کی قیمت چکا رہی ہے، اور سوال کرنا کارکنان کا جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی خاندانی جماعت نہیں، پارٹی میں فیصلے بانی پی ٹی آئی کرتے ہیں، اور کارکنان و رہنما ان فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
زرتاج گل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی پیشی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات میں پارٹی بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی، مگر موجودہ حالات نے سیاسی میدان کو مشکل بنا دیا ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں سے متعلق کہا کہ وہ بھی بہادر ہیں، اگر وہ پاکستان آئیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔