
لندن / لاہور: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول اہم مقابلہ سابق بھارتی کرکٹرز کی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ ہونے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور بھارتی ٹیم کو اگر میچ نہیں کھیلنا تھا تو پہلے ہی انکار کر دینا چاہیے تھا۔
"کھیل سفارت کاری کا بہترین ذریعہ ہے”
شاہد آفریدی نے واضح کیا کہ:
"اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ جب تک بات چیت اور میل جول نہیں ہو گا، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اگر کسی کو مجھ سے ذاتی مسئلہ تھا تو میں اسٹیڈیم ہی نہ آتا، مگر میچ تو ہونا چاہیے تھا۔”
بھارتی کھلاڑیوں کا انکار، میچ منسوخ
ذرائع کے مطابق، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ بھارتی ٹیم کے اچانک انکار کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ سابق بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ، یووراج سنگھ، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، سریش رائنا اور شیکھر دھون نے مبینہ طور پر شاہد آفریدی کی موجودگی پر اعتراض کیا اور پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر سخت ردعمل
سابق بھارتی کھلاڑیوں کے اس غیر پیشہ ورانہ اور متعصبانہ رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ کھیل کے شائقین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رہنا چاہیے اور ایسے اقدامات بین الاقوامی کرکٹ کی روح کے منافی ہیں۔
یاد رہے
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ایک دوستانہ طرز کی ٹورنامنٹ ہے جس کا مقصد ریٹائرڈ اسٹار کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لا کر کرکٹ کی پرانی یادوں کو تازہ کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ تاہم، بھارت کی جانب سے اس بار سیاسی بنیادوں پر انکار نے اس مثبت کوشش کو نقصان پہنچایا ہے۔