
نیویارک / نئی دہلی: بھارت کے سافٹ پاور کا چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا، جب نیویارک میں ایک بھارتی نجومی ہیمنتھ کمار منیپا کو فراڈ کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ جعلی روحانی عملیات اور جادو ٹونے کے نام پر امریکی شہری کو لوٹنے کا یہ واقعہ بھارتی جعلسازی کے بین الاقوامی نیٹ ورک پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
روحانی علاج کے نام پر 60,000 ڈالر کا فراڈ
امریکی خبر رساں ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق بھارتی نژاد نجومی نے 68 سالہ امریکی خاتون کو "بری نظر”، "برکت” اور "روحانی تحفظ” کا جھانسا دے کر مجموعی طور پر 60 ہزار ڈالر ہتھیا لیے۔ ابتدا میں 3 جولائی کو خاتون سے 20 ہزار ڈالر لیے گئے، جس کے بعد مزید 42 ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس کی بروقت کارروائی، بینک کے باہر گرفتاری
جب خاتون مزید رقم نکالنے نیویارک کے ہِکس وائل علاقے میں ایک بینک گئیں، تو بینک عملے کو مشکوک صورتحال کا احساس ہوا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ نیویارک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے منیپا کو بینک کے باہر گرفتار کر لیا۔
ریاست نیویارک کے قانون کے مطابق، جھوٹے روحانی دعووں کی بنیاد پر رقم وصول کرنا غیر قانونی ہے، اور ملزم پر اسی قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارت کا سافٹ پاور بیانیہ زیر سوال
یہ واقعہ ایک بار پھر عالمی سطح پر بھارت کے "سافٹ پاور” بیانیے کو جھٹکا دینے والا ثابت ہوا ہے، جہاں یوگا، شانتی اور روحانیت کے پردے میں دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات بھارت کی عالمی امیج پر سنجیدہ منفی اثرات ڈال رہے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مودی حکومت "وشوا گرو” کے نعرے کے ساتھ دنیا میں بھارت کی قیادت کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
جعلی روحانیت، عالمی فریب؟
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارتی شہری بیرونِ ملک جعلی روحانی دعووں پر ملوث پائے گئے ہوں۔ ماضی میں بھی امریکا، کینیڈا، اور یورپی ممالک میں ایسے درجنوں کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جہاں لوگوں کو "منفی توانائی دور کرنے” یا "مقدر سنوارنے” کے نام پر لوٹا گیا۔