
اسلام آباد / نیویارک: وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار امریکا کے اہم سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ اور امریکی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتوں اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ 28 جولائی تک جاری رہے گا، جس دوران وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی صدارت کے تحت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاسوں کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ، وہ نیویارک اور واشنگٹن میں دو طرفہ اور کثیر الجہتی ملاقاتیں بھی انجام دیں گے، جن میں عالمی اور علاقائی امور زیر بحث آئیں گے۔
اسحاق ڈار دو ریاستی حل سے متعلق ایک بین الاقوامی کانفرنس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر غور کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت بھی کریں گے، جس کا موضوع "مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور فلسطین کا سوال” ہے۔ پاکستان کی جانب سے اس اعلیٰ سطحی شرکت کو عالمی سطح پر پاکستان کی فعال سفارت کاری اور مشرق وسطیٰ کے مسائل پر اصولی موقف کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید مضبوط کرنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔