پاکستانتازہ ترین

مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف عدالت میں چیلنج کر رہے ہیں: علی امین گنڈاپور

پشاور () – وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اپوزیشن ارکان کے گورنر ہاؤس میں لیے گئے حلف کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 65 واضح طور پر یہ تقاضا کرتا ہے کہ اراکین اسمبلی صرف اسمبلی کے فلور پر ہی حلف اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا بلکہ اجلاس کورم مکمل نہ ہونے کے باعث ملتوی کیا گیا تھا۔ نئی تاریخ 24 جولائی مقرر کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے گورنر ہاؤس میں حلف لینا آئین کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آرٹیکل 255(2) صرف ایسی صورتحال میں لاگو ہو سکتا ہے جب آئینی طریقہ کار پر عمل کرنا ناممکن ہو، جبکہ یہاں ایسا کوئی جواز موجود نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس غیر آئینی اقدام کے خلاف ایک رٹ پٹیشن مکمل کر لی گئی ہے جو چھٹی کے باعث آج ہائی کورٹ میں دائر نہ ہو سکی، تاہم کل باضابطہ طور پر عدالت میں جمع کروا دی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اپوزیشن اراکین کو اسمبلی سے حلف نہیں اٹھانے دیا گیا تھا، جس پر اپوزیشن نے یہ قدم اٹھایا۔ اسی تناظر میں اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں حلف اٹھا کر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل کرنے کی کوشش کی۔

تاہم دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے حالیہ دنوں میں اسی اپوزیشن کے ساتھ سینیٹ نشستوں پر معاہدہ بھی کیا اور اس کی پاسداری کا اعلان بھی کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا کا ردعمل
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرِ اعلیٰ کے طرزِ عمل کو "شرمناک” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی حکومت نے ایک بار پھر جمہوری عمل کا مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانے والے 25 اپوزیشن اراکین کل ہونے والے سینیٹ انتخابات میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

آگے کیا ہوگا؟
یہ معاملہ اب پشاور ہائی کورٹ میں جائے گا جہاں یہ طے ہوگا کہ گورنر ہاؤس میں لیا گیا حلف آئینی ہے یا نہیں۔ اس فیصلے کے سیاسی اور قانونی اثرات سینیٹ الیکشن کے نتائج اور صوبائی اسمبلی کے مستقبل پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button