پاکستانتازہ ترین

قلات میں بڑی کامیابی: پاک فوج کا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن، 4 ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن 19 اور 20 جولائی کو فتنہ الہندوستان گروہ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں ممکنہ بڑی دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد بلوچستان میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم تھے۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ ہر قسم کے خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ملک دشمن عناصر اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی رہے گی۔ ترجمان نے کہا کہ "ہم پوری قوم کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button