
پشاور (نیوز ڈیسک):
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا، جس کے باعث مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان کی حلف برداری تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔
اسمبلی کا اجلاس آج صبح 9 بجے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں بلایا گیا تھا، تاہم اجلاس 2 گھنٹے 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر ہی اراکین کی کم تعداد پر حکومتی رکن شیر علی ارباب نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر اسپیکر نے گنتی کی ہدایت دی، اور بعد ازاں اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔
پی ٹی آئی کا اجلاس کا بائیکاٹ
اس ضمن میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہے، جس میں اسمبلی سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا:
"ہمارے کئی اراکین پارٹی سے ناراض ہیں اور اس وقت اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے۔”
مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا شیڈول متاثر
آج کے اجلاس میں 21 خواتین اور 4 اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف لینا تھا۔
حلف اٹھانے والوں میں:
جمعیت علمائے اسلام اور ن لیگ کی 7،7 خواتین
پیپلز پارٹی کی 4 خواتین
اے این پی کی 2
پی ٹی آئی پی کی 1 خاتون
اقلیتی نشستوں پر جے یو آئی کے عسکر پرویز اور گورپال سنگھ
ن لیگ کے سریش کمار
پیپلز پارٹی کے بہاری لالا شامل ہیں۔
اسمبلی اجلاس کے موقع پر مہمانوں کی آمد پر پابندی بھی عائد کر دی گئی تھی تاکہ سیکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
اپوزیشن کا مؤقف: "اگر آج حلف نہ ہوا، عدالت جائیں گے”
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا:
"اگر آج یا کل حلف برداری نہ ہوئی تو ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے، یہ پی ٹی آئی ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں ایک فارمولہ طے پا چکا ہے، اور اپوزیشن اپنے مؤقف پر قائم ہے۔