عالیہ بھٹ کا بڑا دل: ڈرائیور اور گھریلو ملازمہ کو 50،50 لاکھ روپے کے تحفے
ممبئی (شوبز ڈیسک):
بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی سخاوت اور وفادار عملے سے محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ڈرائیور اور گھریلو ملازمہ کو 50،50 لاکھ روپے کی خطیر رقم بطور تحفہ دے دی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم 2019 میں اداکارہ کی سالگرہ کے موقع پر دی گئی، تاکہ دونوں افراد ممبئی میں اپنا ذاتی گھر خرید سکیں۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیور سنیل اور گھریلو ملازمہ امول سال 2012 سے عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اور وہ ان کے لیے صرف ملازم نہیں بلکہ خاندان کا حصہ بن چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سنیل اور امول دونوں نے عالیہ کے اس فیاضانہ تحفے کی بدولت ممبئی میں اپنے ذاتی گھر خرید لیے ہیں۔ یہ اقدام سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور عالیہ بھٹ کو ایک ہمدرد اور احسان مند شخصیت کے طور پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ نہ صرف اپنی اداکاری کے باعث مشہور ہیں بلکہ انسانیت، ہمدردی اور اپنے اسٹاف کے ساتھ حسنِ سلوک کی وجہ سے بھی فلم انڈسٹری میں ایک منفرد مقام رکھتی ہیں۔





