کھیل

پاکستانی ینگ بریگیڈ بنگال ٹائیگرز کے خلاف میدان میں، پہلا ٹی 20 آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا

ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک):
پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ کے لیے کمر کس لی ہے، جو آج شام شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہو رہا ہے، جسے شائقینِ کرکٹ بے چینی سے دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 ریکارڈ نہایت شاندار ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 22 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 19 فتوحات پاکستان کے نام رہیں، جبکہ بنگلہ دیش صرف 3 میچز جیت پایا ہے۔ لاہور میں کھیلی گئی آخری باہمی سیریز میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو کلین سوئپ شکست دی تھی، اور اب گرین شرٹس اسی تسلسل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

نوجوانوں پر انحصار، شاداب خان کی عدم موجودگی میں نیا کمبی نیشن
شاداب خان کی انجری کے باعث ٹیم کو ان کی خدمات حاصل نہیں، تاہم خوشدل شاہ اور فہیم اشرف بطور آل راؤنڈر میدان سنبھالنے کو تیار ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں صائم ایوب، محمد حارث اور کپتان سلمان علی آغا پر مشتمل بیٹنگ لائن اپ جارح مزاجی کے لیے جانی جاتی ہے، جبکہ فخر زمان اور حسن نواز بھی ٹیم کو تیزی سے رنز دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اوپننگ کی ذمہ داری صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ممکنہ طور پر طلعت حسین اور سلمان مرزا کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

بی پی ایل کا تجربہ فائدہ مند ہوگا
پاکستان اسکواڈ میں شامل کم از کم پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) میں مستقل حصہ لیتے آ رہے ہیں، جن میں خوشدل شاہ، محمد حارث، فہیم اشرف، ابرار احمد اور عباس آفریدی شامل ہیں۔ خوشدل شاہ نے میرپور کے میدان میں 12 میچز کھیل کر اچھی سمجھ بوجھ حاصل کی ہے، جو آج کے میچ میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

مقامی کنڈیشنز اور پچ کا کردار اہم
شیربنگلہ اسٹیڈیم پر عام طور پر سلو اور کم اسکورنگ پچز بنائی جاتی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق یہاں ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں اوسط اسکور صرف 125 رنز ہے۔ بی پی ایل کے دوران نائٹ میچز کا اوسط اسکور 150 کے قریب رہا ہے، جو کنڈیشنز کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

بنگلہ دیش پرجوش، مہدی حسن خطرناک اسپنر
دوسری جانب میزبان ٹیم حالیہ دنوں میں سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز جیت چکی ہے، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اوپنر محمد نائم نے دعویٰ کیا ہے کہ اپنی کنڈیشنز میں بنگلہ دیش کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔

اسپنر مہدی حسن خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں جنہوں نے 2021 کے بعد پاور پلے میں سب سے زیادہ 30 وکٹیں حاصل کیں، اور وہ پاکستانی اوپنرز کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

پہلے میچ سے قبل ٹرافی کی رونمائی
سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہفتے کے روز شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کی گئی، جہاں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بنگلہ دیشی قائد لٹن داس نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔

پاکستانی اسکواڈ ڈھاکا پہنچنے کے بعد جمعرات کو آرام اور جمعے کو بھرپور ٹریننگ سیشن میں مصروف رہا، جبکہ ہفتے کے روز ٹیم نے ایک بار پھر آرام کو ترجیح دی تاکہ آج کے میچ کے لیے مکمل توانائی کے ساتھ میدان میں اترا جا سکے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button