
پشاور (نمائندہ خصوصی):
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اہم اجلاس آج صبح 9 بجے پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکانِ اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا باقاعدہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق آج کے اجلاس میں 26 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد ایوان کی مجموعی تعداد 145 ہو جائے گی۔ اس وقت خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکمران جماعت سمیت کل 115 ارکان موجود ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ارکان کی شمولیت کے بعد اسمبلی کی تشکیل مکمل ہو جائے گی، جس سے پارلیمانی کارروائیوں میں نمایاں تیزی آئے گی۔ اسی تناظر میں آج کا اجلاس حکومت کی آئندہ قانون سازی، پالیسیوں اور ایوان کی فعالیت کے لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر ارکان کا حلف اٹھانا نئی حکومت کے استحکام اور قانون سازی کے عمل کو مؤثر بنانے کی جانب ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ آئندہ دنوں میں بجٹ منظوری، قانون سازی اور کمیٹیوں کی تشکیل جیسے اہم امور پر کام تیز کیے جانے کا امکان ہے۔