
خوفزدہ بھارت ایک اور میدان سے بھاگ نکلا، پاک بھارت لیجنڈز میچ منسوخ
برمنگھم (نمائندہ خصوصی)
ورلڈ چیمپئن شپ لیجنڈز لیگ (WCL) میں پاک-بھارت کرکٹ مقابلے کے منتظر شائقین کرکٹ کے لیے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں شاہد آفریدی کی شمولیت کے باعث بھارتی لیجنڈ کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے پانچ سابق عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز نے WCL انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ اگر شاہد آفریدی اج 20 جولائی اتوار کو برمنگھم میں ہونے والے میچ میں پاکستان چیمپئنز کی نمائندگی کریں گے، تو وہ میدان میں نہیں اتریں گے۔
اس فیصلے کے بعد WCL انتظامیہ کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے باضابطہ پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پاک-بھارت میچ کو منسوخ کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد صرف مداحوں کو خوشی دینا تھا، مگر غیر ارادی طور پر انہوں نے کچھ افراد کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا:
"ہم نے سوچا کہ پاک-بھارت میچ شائقین کے لیے خوشگوار یادیں پیدا کرے گا، مگر کچھ برانڈز اور کرکٹ لیجنڈز کی ناراضی کے باعث ہمیں میچ منسوخ کرنا پڑا۔ ہم دل سے معذرت خواہ ہیں۔”
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارت اور پاکستان کی مختلف کھیلوں میں آمنے سامنے آنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن میں ہاکی اور والی بال بھی شامل ہیں۔ ایسے میں WCL کی طرف سے پاک-بھارت کرکٹ میچ کا اعلان کیا گیا تھا جسے اب سیاسی و جذباتی دباؤ کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔