
ٹھٹھہ: ٹھٹھہ کے قریب سجاول کے مقام پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے، جو تفریح کی غرض سے کلری پکنک منانے جا رہے تھے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاندانوں اور اہل علاقہ میں کہرام مچ گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔