
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار آئندہ ہفتے نیویارک روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق اعلیٰ سطح تقریبات میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار اقوام متحدہ میں ایک اعلیٰ سطح مباحثے کی صدارت کریں گے، جس کا موضوع ہو گا:
"کثیرالجہتی کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کا فروغ اور تنازعات کا پُرامن حل”۔
یہ اجلاس سفارت کاری، ثالثی اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہے۔
وزیر خارجہ سلامتی کونسل کے سہ ماہی اجلاس کی بھی صدارت کریں گے، جس میں "فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال” پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان کی اصولی پالیسیوں اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت اس اجلاس کا محور ہو گی۔
اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور اقوام متحدہ کے باہمی تعاون پر ایک اعلیٰ سطح بریفنگ کی بھی قیادت کریں گے۔ یہ پاکستان کے اس عزم کی نمائندگی کرتا ہے کہ اسلامی دنیا کو عالمی فیصلوں میں مؤثر کردار دیا جائے۔
وزیر خارجہ "فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت” اور "دو ریاستی حل” کی حمایت میں ایک عالمی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں پاکستان کی پُرامن اور اصولی سفارتی پالیسیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
نیویارک قیام کے دوران اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی فعال کثیرالجہتی سفارت کاری، امن و انصاف کے فروغ، اور عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کی روشن مثال ہے۔
پاکستان ایک پُرامن، باعزت اور بااصول قوم کے طور پر عالمی منظرنامے پر اپنی سفارتی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔