
ہنگو (51 نیوز) – خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خالد خان، ایس ایچ او تھانہ دوآبہ اور ایک حساس ادارے کے افسر زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، کارروائی ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جیسے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سیکیورٹی فورسز نے نہایت بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ڈی پی او ہنگو خالد خان کو تین گولیاں لگنے کے بعد فوری طور پر کوہاٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور لے جایا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دیگر زخمی اہلکاروں کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے زخمی افسران سے فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت بھی زخمی ڈی پی او کے ہمراہ ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے آخری مراحل میں ہے، اور سیکیورٹی ادارے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زخمی افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔