بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی، علاج کے لیے امریکہ روانہ
بالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار شاہ رخ خان ممبئی میں اپنی نئی ایکشن فلم "کنگ” کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک منظر فلماتے ہوئے زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب فلم کے ایکشن سیکوئنس کی عکس بندی جاری تھی۔
زخمی ہونے کے فوراً بعد شاہ رخ خان کو ممبئی میں ابتدائی طبی امداد دی گئی، تاہم بعد ازاں اُنہیں مکمل علاج اور آرام کے لیے امریکہ منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، ڈاکٹرز نے انہیں کم از کم ایک ماہ کے آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو سکیں۔
فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی یہ فلم "کنگ” ایک ہائی بجٹ ایکشن ڈرامہ ہے، جس میں وہ ایک منفرد اور پاورفل کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم ان کے کیریئر کی بڑی ریلیز قرار دی جا رہی ہے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ شاہ رخ خان ستمبر یا اکتوبر میں دوبارہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے، بشرطیکہ ان کی صحت مکمل طور پر بحال ہو جائے۔ اداکار کے مداح ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں اور فلم کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔





