راولپنڈی/برطانیہ (خصوصی رپورٹ)
پاکستانی دفاعی فضائی طاقت نے ایک بار پھر دنیا کو اپنی مہارت، جدیدیت اور پیشہ ورانہ برتری سے حیران کر دیا ہے۔ برطانیہ میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ ”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025“ (RIAT 2025) میں پاک فضائیہ کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیاروں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کیے۔
اس بین الاقوامی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جدید جے ایف-17 سی بلاک تھری جنگی طیارے نے اپنی شاندار پرواز، بے مثال فضائی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ”اسپرٹ آف دی میٹ“ (Spirit of the Meet) ٹرافی حاصل کی۔ یہ اعزاز صرف تکنیکی برتری ہی نہیں بلکہ پاک فضائیہ کی خود انحصاری، عزم اور انجینئرنگ مہارت کا بھی عملی اعتراف ہے۔
ایونٹ میں پاک فضائیہ کے شاندار ٹرانسپورٹ طیارے سی-130 نے بھی شرکت کی، جسے اس کی خوبصورتی، منفرد ترتیب اور پیشہ ورانہ پریزنٹیشن کے اعتراف میں ”Concours d’Elegance Trophy“ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز دنیا بھر سے آئے ماہرین کی جانب سے ایک نادر اور معتبر اعزاز سمجھا جاتا ہے۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ جے ایف-17 سی بلاک تھری طیارے نے پاکستان سے برطانیہ تک ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے بغیر رکے کامیاب پرواز کی۔ یہ کامیابی نہ صرف طیارے کی طاقت و صلاحیت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کے فضائی نظم و نسق، تربیت، اور جدید ٹیکنالوجی میں خود کفالت کا بھی ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا:
"یہ اعزاز ہمارے ہوا بازوں، انجینئرز اور تمام تکنیکی عملے کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم اپنی فضائی قوت کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے مشن پر کاربند ہیں، اور یہ کامیابی پاکستان کے روشن دفاعی مستقبل کی نوید ہے۔”
پاکستانی قوم اس عظیم کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے اور پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر سبز ہلالی پرچم کو ایک بار پھر سربلند کیا۔





