پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اقدام: بے روزگار افراد کو الیکٹرک رکشے اور بائیکس فراہم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں روزگار کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایسے مستحق اور بے روزگار افراد کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کرے گی جو معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

الیکٹرک بائیکس اور رکشوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ عام شہریوں کو الیکٹرک وہیکلز تک رسائی دینے کے لیے ایک واضح اور قابل عمل حکومتی لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا طریقہ کار اپنایا جائے، تاکہ صرف مستحق افراد کو فائدہ ملے۔

وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، تاکہ ذہین طلبہ کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

علاقائی تجارت میں انقلاب کی تیاری
دوسری جانب پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر خطے میں تجارت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وسطی ایشیائی ممالک سے تجارتی سامان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی ممکن بنائی جائے گی، جس سے معیشت کو بھرپور فروغ ملے گا۔

سول سروس میں اصلاحات وقت کی ضرورت
وزیراعظم شہباز شریف نے سول سروس ریفارمز پر منعقدہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ ملک کی بیوروکریسی کو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور گورننس کے معیار کو بلند کرنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button