
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، اور حکومت اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزارت داخلہ میں بیٹ رپورٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں کو پہلے بی کلاس فورس سمجھا جاتا تھا، مگر اب ان کی مراعات، تنخواہوں اور شہدا پیکج میں واضح اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی خدمات کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے دس دن میں تین لاکھ غیر قانونی افغان باشندوں کو ملک بدر کیا ہے، جبکہ پاکستان صرف افغانی نہیں بلکہ ہر ایسے فرد کو ملک سے نکالے گا جس کے پاس قانونی ویزا یا دستاویزات موجود نہیں ہوں گی۔
ترقیاتی کاموں سے متعلق بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بعض حلقے فلائی اوورز پر بلاوجہ تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسٹرکچر میں کوئی خامی ہوئی تو ہم خود کو ذمہ دار سمجھیں گے۔ بارش اور سوئی گیس کی کھدائی کے باوجود سڑکیں بیٹھنے کا تاثر غلط ہے، اسلام آباد میں ریکارڈ بارش کے باوجود پانی جمع نہیں ہوا۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ اگلے میگا ترقیاتی منصوبے تیس دنوں سے بھی کم وقت میں مکمل کیے جائیں گے اور اسلام آباد کے سبز علاقوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ شہر کو مزید خوبصورت اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ 40 ہزار زائرین کے غائب ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، جس میں آرمی چیف اور وزیر اعظم کی کوششیں شامل تھیں، تاہم اسرائیل کے ساتھ پاکستان کا کوئی براہ راست رابطہ نہیں تھا۔
صدر مملکت سے متعلق افواہوں پر انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اپنی آئینی مدت پوری کریں گے، ان کے بارے میں ہٹائے جانے کی باتیں صرف پروپیگنڈہ ہیں۔
پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کچھ باتوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کریں گے، تاہم پی ٹی آئی کو 5 اگست کی تیاری کرنی چاہیے، پھر حکومت اپنی تیاری کرے گی۔