
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس میں محسن نقوی نے ادارہ جاتی ہم آہنگی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کا فقدان عوامی خدمات کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وزیر داخلہ نے تمام ذیلی اداروں سے 3 روز میں قواعد و ضوابط میں بہتری، طریقہ کار کی اصلاح اور مربوط سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ ادارے اگر ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور تجربات سے فائدہ اٹھائیں تو ان کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو دوسرے اداروں کے ساتھ معاونت اور شراکت داری کے مؤثر طریقے طے کرنے ہوں گے تاکہ ایک مربوط اور مضبوط نظام تشکیل دیا جا سکے۔
یہ اقدام وزارت داخلہ کے نظم و نسق کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور عوام کو بہتر، تیز تر خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔