
لاہور پنجاب اسمبلی کے 26 معطل ارکان کی رکنیت کی بحالی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری کشیدگی خوش اسلوبی سے حل ہوگئی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے خلاف دائر ریفرنسز ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد سیاسی ماحول میں بہتری کی امید پیدا ہو گئی ہے۔اسمبلی ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایات پر اسمبلی حکام نے حکومتی ریفرنسز کو معطل کرنے کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے۔ یہ ڈرافٹ اسپیکر ملک احمد خان کی منظوری کے بعد باقاعدہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ اپوزیشن کے ان 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنسز دائر کرنے کے لیے حکومتی ارکان — احمد اقبال، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، اور افتخار احمد چھاچھر — نے اسپیکر کو باقاعدہ درخواستیں دی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مذاکرات میں دونوں فریقین نے کئی اہم نکات پر اتفاق کیا، جن میں معطل ارکان کی رکنیت کی بحالی سرفہرست ہے۔ معطلی ختم کرنے کا عملی اقدام اسپیکر کی بیرون ملک سے واپسی کے فوراً بعد کیا جائے گا۔یہ پیش رفت پنجاب اسمبلی کے اندر جمہوری عمل کے استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کی جانب ایک مثبت قدم تصور کی جا رہی ہے۔