
کھیل
لاہور: فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل فٹ، بولنگ کا آغاز کر دیا
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل طور پر صحتیاب ہو گئے ہیں اور انہوں نے دوبارہ بولنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حارث رؤف امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے باعث وہ لیگ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
تاہم اب وہ مکمل آرام اور بحالی کے 10 روزہ پروگرام کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں باقاعدہ ٹریننگ کر رہے ہیں اور بولنگ بھی شروع کر دی ہے۔
حارث رؤف کی فٹنس بحالی کے بعد اُن کی ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز میں شرکت متوقع ہے، جہاں وہ قومی ٹیم کو ایک بار پھر اپنی رفتار اور تجربے سے فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حارث رؤف انجری کے باعث حالیہ بنگلا دیش سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔