
غزہ / واشنگٹن / دوحہ: غزہ میں جاری شدید انسانی بحران کے دوران امریکا، قطر اور مصر نے جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز پیش کر دی ہیں، تاہم اسرائیل اور حماس کے درمیان قطر میں جاری مذاکرات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں ثالث ممالک نے فریقین کے سامنے جنگ بندی کی تازہ تجاویز رکھی ہیں، جن پر عمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔ قطر میں مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں، مگر حتمی معاہدہ ابھی تک طے نہیں پا سکا۔
ادھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں قحط تباہ کن سطح پر پہنچ چکا ہے۔ غزہ سٹی سے جاری حماس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "غزہ میں انسانی حالات بدترین تباہی کا شکار ہیں، اور بچوں سمیت سویلین آبادی کے خلاف جدید تاریخ کے بدترین جرائم ہو رہے ہیں۔”
علاقے میں خوراک، پانی، اور طبی امداد کی شدید قلت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری مداخلت کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔