
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے گی، اگر وہ قانونی تقاضے پورے کریں تو انہیں روکا نہیں جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کو حق ہے کہ وہ اپنے والد کی سیاست کو آگے بڑھائیں۔ اگر وہ پارٹی کی قیادت کرنا چاہتے ہیں یا پرامن سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں اور اگر وہ پاکستان کا ویزہ حاصل کرکے قانونی طریقہ کار اپناتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔
مشیر داخلہ نے واضح کیا کہ اگر ان کی سیاسی تحریک پُرامن ہوئی تو انہیں مکمل آزادی حاصل ہوگی، لیکن اگر پُرتشدد رویہ اپنایا گیا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
عمران خان کے بیٹوں کی آمد کے بارے میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد سے ملنے کا مکمل حق حاصل ہے اور اس سلسلے میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، حالیہ بارشوں اور موسمی حالات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر معمولی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ 5 سے 10 سالہ منصوبہ بنا کر نکاسی آب اور شہری منصوبہ بندی پر کام کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نکاسی آب کے انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی اقدامات جاری ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم تین بار مذاکرات کی پیشکش کر چکے ہیں، یہاں تک کہ اسپیکر چیمبر میں خود آنے کو بھی تیار تھے، لیکن اپوزیشن نے مثبت جواب نہیں دیا۔