
پشاور (17 جولائی 2025)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں حالیہ موسلا دھار بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کو ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت قدرتی آفات کے موقع پر قومی یکجہتی کے تحت پنجاب کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہر قسم کی فنی، تکنیکی اور انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، اور متعلقہ اداروں بشمول پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مشکل گھڑی میں تمام صوبوں کو مل کر عوامی خدمت اور ریلیف کے جذبے کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے اور تمام اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بیس فٹ سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے باعث ریسکیو اداروں نے مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ، مری روڈ اور نشیبی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آ چکی ہیں، جب کہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دکھائے جانے والے تعاون اور قومی جذبے کی یہ پیشکش بین الصوبائی ہم آہنگی اور یکجہتی کی بہترین مثال ہے، جو مشکل وقت میں قوم کے مختلف حصوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔