پاکستانتازہ ترین

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا امکان ہے: این ڈی ایم اے

اسلام آباد – 17 جولائی 2025
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کے امکانات موجود ہیں، جس سے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ نالہ لئی کے قریبی اور نشیبی علاقوں کے مکین ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں اور خطرے کا سائرن بجنے پر فوری طور پر انخلاء کی تیاری کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق صرف راولپنڈی اور اسلام آباد ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر علاقوں بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا ہے اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو مسلسل محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button