0

اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی اب الیکٹرک کاریں تیار کرے گی

چین :چین کی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی شاؤمی نے الیکٹرک گاڑیاں بنانے کے لیے متعلقہ اداروں سے باقاعدہ منظوری حاصل کرلی ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شاؤمی کمپنی کا اگلے سال کے اوائل تک کاریں تیار کرنے کے ہدف کی جانب پہلا اور ایک اہم قدم ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) جو کہ چین کی آٹو انڈسٹری میں نئی ​​سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت کو کنٹرول کرنے والا ادارہ ہے نے رواں ماہ کے آغاز میں بیجنگ میں قائم شاؤمی کمپنی کو ای وی مینوفیکچرنگ کی منظوری دے دی ہے۔شاؤمی کمپنی نے آٹوموبائل کے کاروبار میں ایک دہائی کے دوران 10 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا اور 2024 کی پہلی ششماہی میں اپنی پہلی کاروں کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن اس میں شکوک و شبہات تھے کہ آیا اس ٹائم لائن کو پورا کیا جا سکتا ہے یا نہیں کیونکہ این ڈی آر سی نئی گاڑیوں کی منظوری میں احتیاط سے کام لے رہا ہے۔دو سال قبل جاری کیے گئے ایک بیان میں ترجمان شاؤمی کمپنی نے تصدیق کی تھی کہ وہ الیکٹرک کاروں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے اس نے ایک ذیلی کمپنی بھی قائم کر دی ہے جو اگلے 10برسوں میں اس منصوبے پر 10 ارب ڈالر خرچ کرے گی۔بیان کے مطابق شاؤمی کو امید ہے کہ وہ معیاری الیکٹرک کاریں پیش کرکے دنیا بھر میں ہر جگہ اور ہر وقت ہر کسی کو اسمارٹ زندگی سے لطف اندوز ہونے کا بھرپور موقع دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں