163

آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن سیکٹر میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری ہوئی ہے اور آئی ٹی سیکٹر میں اصلاحات سے پاکستان کی عالمی سطح پر رینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

گلوبل انوویشن انڈیکس 2021 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان 132 ممالک میں 107 سے 99 پوزیشن پر آگیا۔ انڈیکس کے تحت لوئر مڈل انکم گروپ کے 34 ممالک میں پاکستان کا 17 واں نمبر ہے۔ جنوبی و وسطی ایشیاء کے 10 ممالک میں پاکستان کی 7ویں پوزیشن ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق مختلف شعبوں کی کارکردگی رپورٹ میں آئی ٹی سیکٹر کے 11 شعبوں میں بہتری ریکارڈ ہوئی جبکہ گلوبل سٹارٹ اپس ایکو سسٹم انڈیکس میں بھی پاکستانی رینکنگ 82 سے 75 ہوگئی۔

سٹارٹ اپس انڈیکس میں پاکستان کے 2 نئے شہر شامل ہوگئے جس کے بعد تعداد 8 ہوگئی۔ نئے شامل ہونے والے شہروں میں جہلم اور ملتان کو ٹاپ 1000 میں جگہ مل گئی جبکہ اسلام آباد 122 درجہ ترقی کرکے ٹاپ 500 میں 437 ویں پوزیشن پر آگیا۔

سٹارٹ اپس انڈیکس میں لاہور 14 درجہ ترقی کرکے دنیا بھر میں 257 پوزیشن پر پہنچ گیا جبکہ پاکستان میں سٹارٹ اپس ایکوسسٹم کے تحت وینچر کیپیٹل فنڈنگ میں97 فیصد اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ عالمی رپورٹ آئی ٹی سیکٹر میں ہماری اصلاحات عالمی درجہ بندی میں بہتری کا سبب بنیں،جبکہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں نمایاں ترقی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں