0

جب کرینہ نے شاہ رخ کے برابر معاوضہ مانگا تو کرن جوہر نے کیا کیا؟

ممبئی :کرینہ کپور نے کرن جوہر سے فلم ’کل ہو نہ ہو‘ کے لیے شاہ رخ خان کے برابر معاوضہ مانگا تو فلم ڈائریکٹر نے ان سے بات چیت کرنا بند کردی تھی۔یہ واقعہ 2002 کا ہے جب کرن جوہر نے کرینہ کپور خان کے ساتھ اپنے جھگڑے کے بارے میں کھل کر انکشاف کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ تقریباً ایک سال سے بات نہیں کر رہے۔اپنی سوانح عمری میں کرن جوہر نے لکھا ہے کہ جب انھوں نے ’مجھ سے دوستی کروگی‘ کی ریلیز کے بعد بیبو کو ’کل ہو نا ہو‘ کی پیشکش کی تھی۔ اس وقت اداکارہ کا کہنا تھا کہ آدتیہ چوپڑا کے اسسٹنٹ کنال کوہلی نے فلم ’مجھ سے دوستی کروگی‘ فلاپ کرا دی ہے، اس لیے کرن جوہر کے اسسٹنٹ نکھل ایڈوانی پر بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔کرن جوہر کی پیشکش پر کرینہ کپور نہ صرف بھاری فیس مانگی بلکہ شاہ رخ خان کے معاوضے کے برابر رقم دینے کا مطالبہ کیا۔فلم ڈائریکٹر نے اپنی سوانح عمری میں مزید لکھا کہ ’مجھ سے دوستی کروگی‘ کی ریلیز کے اختتام پر اسے ’کل ہو نا ہو‘ کی پیشکش کی اور اس نے وہی رقم مانگی جو شاہ رخ خان کو مل رہی تھی۔ میں نے اسے کہا، ‘معذرت’۔اس وقت شاہ رخ خان نے 20 کروڑ روپے کا معاوضہ لیا تھا اور کرینہ کپور جو انڈسٹری میں نسبتاً نئی تھیں، اتنی ہی فیس مانگی جس پر فلمساز پریشان ہو گئے تھے۔ کرن نے ایس آر کے اور سیف علی خان کے مقابل پریتی زنٹا کو سائن کرلیا تھا۔تاہم کرینہ اور کرن کے درمیان حالات اس وقت بہتر ہوئے جب اداکارہ نے کرن جوہر کو یش جوہر کی صحت کے بارے میں پوچھنے کے لیے فون کیا، اور اس دوران وہ جذباتی ہو گئیں۔کرن نے بتایا کہ یہ اگست کا مہینہ تھا اور ہم نے نو ماہ سے بات نہیں کی تھی۔ کرینہ نے مجھے فون کیا اور کہا، میں نے یش انکل کے بارے میں سنا ہے۔ وہ فون پر واقعی جذباتی ہوگئیں، اور اس نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں نے تم رابطہ نہیں کیا۔ فکر مت کرو وہ ٹھیک ہوجائیں گے۔تقریباً ایک سال تک دنوں بالی وڈ شخصیات میں بات چیت بند رہی تھی مگر پھر کرینہ کے کال کرنے کے بعد دنوں میں پھر سے دوستی ہوگئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں