0

حکومتِ پاکستان کا افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی میڈیکل ٹیم بھجوانے کا فیصلہ

اسلام آباد : نگران حکومت نے افغانستان میں زلزلے کے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان سے خصوصی میڈیکل ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے افغان زلزلہ متاثرین کے لئے خصوصی میڈیکل ٹیم افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ 10رکنی خصوصی میڈیکل ٹیم جلد افغانستان کیلئے روانہ ہو گی۔ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے میڈیکل ٹیم افغانستان جائے گی اور دوسرے مرحلےمیں کوئٹہ، پشاور سے میڈیکل ٹیم افغانستان بھجوانے کا امکان ہے۔خصوصی میڈیکل ٹیم پمز اسپتال سے بھجوائی جائے گی، پمز اسپتال کے 5ڈاکٹرز، 5 نرسز ٹیم میں شامل ہوں گے اور میڈیکل ٹیم کی سربراہی پمز کے نیورو سرجن ڈاکٹر فیض اچکزئی کریں گے۔شعبہ نیوروسرجری، جنرل سرجری، ہڈی و جوڑ کے ڈاکٹرز ٹیم میں شامل ہوں گے، میڈیکل ٹیم کے ہمراہ ادویات کی کھیپ افغانستان بھجوائی جائے گی تاہم افغان زلزلہ متاثرین کیلئے ادویات کا انتظام وفاقی اسپتالوں نے کیا ہے۔خیال رہے افغان صوبے ہرات میں زلزلے سے اموات کی تعداد ڈھائی ہزارہوگئیں اور ہزاروں زخمی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔افغان حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے، ہرات میں آنے والے زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تاہم ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں