0

اے آر رحمان کا اقربا پروری سے متعلق خیالات کا اظہار

اسلام آباد:معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے اقربا پروری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اے آر رحمان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اقربا پروری اور اپنے بچوں کے کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میری صاحبزادی خدیجہ اور بیٹا امین موسیقی کے شعبے میں میری میراث کو آگے بڑھائیں۔معروف موسیقار نے مزید کہا کہ میں کیریئر خود بنانے کے معاملے میں اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میرے تینوں بچے ترقی کی منازل طے کریں۔اے آر رحمان نے فلمی صنعت میں اقربا پروری پر گفتگو کی اور کہا کہ اگر میرے بچے میری میراث کو آگے نہیں بڑھائیں گے تو میری محنت اپنا مقصد کھودے گی۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل لوگوں نے اقربا پروری کی نئی اصلاح سیکھ لی ہے، میں نے جو کچھ بنایا ہے اگر میرے بچے اُس میں شامل نہیں ہوتے تو یہ سب کچھ گودام بن جائے گا۔بھارتی موسیقار نے یہ بھی کہا کہ میرے اسٹوڈیو کی ہر چیز کو میں نے بہت شوق اور دیکھ بھال کرکے منتخب کیا ہے، میں پرامید ہوں کہ میرے بچے اسے مستقبل میں سنبھالیں گے۔انہوں نے میراث کی اگلی نسل میں منتقلی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اگر میں اپنی نئی نسل کےلیے پیسہ چھوڑ جاؤں، جسے انہوں نے سمجھ اور ہوشیاری سے استعمال نہ کیا تو وہ ایک دن ختم ہوجائے گا۔اے آر رحمان نے کہا کہ میں یہ بات سمجھ چکا ہوں، میری ماں، بہنوں اور میں نے مالی مشکلات کو بہت قریب سے دیکھا ہے، اب بھی زندگی کے تجربات مجھے درست فیصلہ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے باخبر رہیں، اُن سے کوئی بھی بری خبر یا مسئلہ چھپانے پر یقین نہیں رکھتا، میں ہر چیز اُنہیں بتاتا ہوں، اس لیے وہ اس سے سیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں